کراچی میں پہلی عالمی انڈر 23 سکواش چیمپئن شپ، ٹاپ کھلاڑیوں کی شرکت

09:13 PM, 21 Mar, 2025

کراچی: پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی، ورلڈ سکواش فیڈریشن نے پہلی عالمی انڈر 23 اسکواش چیمپئن شپ کی میزبانی پاکستان کو دے دی۔ یہ ایونٹ 6 سے 10 اپریل تک کراچی میں منعقد ہوگا، جس میں دنیا کے بہترین کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

یہ فیصلہ عظیم اسکواش کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کی بھرپور کاوشوں کے نتیجے میں ممکن ہوا، جنہوں نے پاکستان میں عالمی اسکواش کی بحالی کے لیے انتھک محنت کی۔


چیمپئن شپ میں مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے، جن میں دنیا کے ٹاپ 32 مینز اور 32 ویمنز کھلاڑی شرکت کریں گے۔ اس ایونٹ کے فاتحین کو پی ایس اے ورلڈ چیمپئن شپ میں براہ راست انٹری کا اعزاز بھی حاصل ہوگا، جو اسکواش کے سب سے بڑے مقابلوں میں سے ایک ہے۔


سابق عالمی چیمپئن قمر زمان کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جو ایونٹ کی کامیاب میزبانی کو یقینی بنانے کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔

یہ ایونٹ پاکستان میں عالمی سطح پر اسکواش کی بحالی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے، جس سے ملک میں بین الاقوامی کھیلوں کے مزید دروازے کھلنے کی امید ہے۔

مزیدخبریں