اسلام آباد / کراچی / لاہور : ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام اور روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کے ہزاروں اجتماعات منعقد ہوئے، جس میں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے شرکت کی۔
عید کا سب سے بڑا اجتماع اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ہوا، جبکہ لاہور کی بادشاہی مسجد، کراچی کی میمن مسجد اور پشاور کی جامع مسجد درویش سمیت تمام شہروں کی عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں بھی نمازِ عید ادا کی گئی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ شہری پُرامن ماحول میں اپنی مذہبی عبادت ادا کر سکیں۔
نمازِ عید کے بعد رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جہاں ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے اپنے خطبات میں امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا اور بالخصوص فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی اور شہداء کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔
نماز کی ادائیگی کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے مل کر عید کی مبارکباد دی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کا دن جہاں خوشیاں بانٹنے کا نام ہے، وہی یہ دن ہمیں اپنے غریب اور نادار بہن بھائیوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کا درس دیتا ہے۔
ملک بھر میں عید الفطر : نمازِ عید کے بڑے اجتماعات، ملک و قوم کے لیے خصوصی دعائیں
09:03 AM, 21 Mar, 2026