کراچی : شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں آج عید الفطر کی صبح مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے تحت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ہے، جس سے جہاں موسم خوشگوار ہو گیا وہیں عید کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
کراچی کے مختلف حصوں بشمول گلشنِ اقبال، اسکیم 33، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا، کلفٹن اور سی ویو میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ گرومندر، شہیدِ ملت روڈ، طارق روڈ، لسبیلہ اور پی آئی بی کالونی میں بھی وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ چند علاقوں میں معمول سے تیز ہوائیں چلنے کے باعث درخت گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
تیز بارش اور آندھی کے سبب کھلے مقامات اور عید گاہوں میں ہونے والے عید کے اجتماعات شدید متاثر ہوئے ہیں۔ بارش کے باعث کئی مقامات پر نمازِ عید کے وقت میں تبدیلی کی گئی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے مساجد کے اندر متبادل انتظامات پر غور کیا جا رہا ہے۔ بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہونا شروع ہو گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پہلے ہی عید کے روز آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔ انتظامیہ نے شہریوں کو بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ بلدیاتی عملے کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ سڑکوں سے نکاسیِ آب کا کام فوری طور پر شروع کیا جا سکے اور شہریوں کو عید کی خوشیوں میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کراچی میں عید کی صبح گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش، عید کے اجتماعات متاثر، سڑکوں پر پانی جمع
10:29 AM, 21 Mar, 2026