فیصل آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے عید الفطر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اہل پاکستان اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کی اور ملکی سلامتی سمیت علاقائی صورتحال پر اہم پیغام جاری کیا۔طلال چودھری نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا اور یہ اسلام کا مضبوط قلعہ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مسلم ممالک کو درپیش حالیہ بحرانوں سے نجات دلائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیادت ان بحرانوں کے حل کے لیے اپنا بھرپور سفارتی اور سیاسی کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وزیر مملکت نے سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہماری مساجد، امام بارگاہیں، بازار اور معصوم بچے دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں۔ ہم دعاگو ہیں کہ اس ہمسایہ ملک کو ہدایت ملے جہاں سے دہشت گردی ہو رہی ہے اور جس کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال کی جا رہی ہے۔
آپریشن کے حوالے سے اہم وضاحت پیش کرتے ہوئے طلال چودھری نے بتایا کہ آپریشن غضب للحق عید الفطر کے احترام میں عارضی طور پر روکا گیا ہے، تاہم سرحد پار دہشت گردی کے ڈھانچے کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا چاہتی ہے کہ افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔ دوحہ معاہدے میں بھی یہی وعدہ کیا گیا تھا۔ پاکستان نے افغان طالبان سے سیاسی، سفارتی اور فوجی سطح پر مسلسل بات چیت کی، لیکن جب نتائج برآمد نہ ہوئے تو مجبوراً وہ قدم اٹھانا پڑا جس سے ہم پہلے گریز کرتے رہے تھے۔
سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، طلال چودھری
12:43 PM, 21 Mar, 2026