فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کرم میں جوانوں کے ساتھ عید، آپریشن "غضبُ لِلحق" کی کامیابیوں پر خراجِ تحسین

02:23 PM, 21 Mar, 2026

راولپنڈی : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عیدالفطر کا دن ضلع کرم میں اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں کے ساتھ گزارا۔ انہوں نے جوانوں کے ہمراہ عید کی نماز ادا کی اور ملکِ پاکستان کے استحکام، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے جوانوں کے بلند حوصلے اور غیر متزلزل پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
 انہوں نے جاری آپریشن "غضبُ لِلحق" کے دوران دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف حاصل ہونے والی حالیہ کامیابیوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی قربانیاں اور کامیابیاں ملک کی سلامتی کے لیے ناگزیر ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ    سرحد پار افغان پناہ گاہوں سے سرگرم دہشتگرد عناصر کو کسی صورت پاکستان کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔    انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
فیلڈ مارشل نے اس موقع پر وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم مل کر ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات کا قلع قمع کریں گے۔

مزیدخبریں