اسرائیل حماس جنگ بندی کیلئے مصر کی کوششیں قابل تعریف ہیں: امریکی صدر

اسرائیل حماس جنگ بندی کیلئے مصر کی کوششیں قابل تعریف ہیں: امریکی صدر

نیویارک: امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ اسرائیل حماس جنگ بندی کے لیے مصر کی کوششیں قابل تعریف ہیں ، جنگ بندی کے بعد آگے بڑھنے کے حقیقی مواقع ملیں گے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا کہ فلسطینیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے کے خواہاں ہیں ، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی معاونت سے غزہ کی تعمیر نو کیلئے پُرعزم ہیں ۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے شہریوں کو آزادانہ زندگی گزارنے کا پورا حق حاصل ہے ۔

خیال رہے کہ اسرائیلی کابینہ نے حماس کے ساتھ جنگ بندی کی منظوری دیدی ہے ، حماس نے بھی جنگ بندی کی تصدیق کر دی ہے ۔ خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ مصر کی معاونت سے ہوا ۔

گزشتہ 11 روز سے جاری اسرائیلی حملوں میں بچوں سمیت 232 فلسطینی شہید ، 1900 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار بے گھر ہوچکے ہیں ۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے ۔ جنگ بندی فلسطین میں قیام امن کی طرف پہلا قدم ہے ۔ یہ اجتماعی اور متحدہ عمل کی طاقت اور عالمی کوششوں کا نتیجہ ہے ۔

وزیر خارجہ کی سعودی ہم منصب کے ساتھ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات بھی ہوئی ۔ شاہ محمود قریشی نے شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔

وزیر خارجہ نے او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بلانے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت بھی کی ۔