اسرائیل ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی تیاری کر رہا ہے، امریکی میڈیا کا انکشاف

09:42 AM, 21 May, 2025

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن: امریکی انٹیلی جنس معلومات کے مطابق اسرائیل ایران کی جوہری تنصیبات پر ممکنہ حملے کی تیاری کر رہا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ اسرائیلی قیادت نے اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا ہے یا نہیں۔

امریکی ٹی وی چینل نے منگل کے روز کئی اعلیٰ امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ واشنگٹن کو ایسی نئی خفیہ معلومات موصول ہوئی ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ اسرائیل ایران کے جوہری پروگرام کو نشانہ بنانے کے لیے عملی اقدامات پر غور کر رہا ہے۔

امریکی نیشنل سکیورٹی کونسل نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، جبکہ واشنگٹن میں موجود اسرائیلی سفارتخانے اور اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے بھی تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا۔

ادھر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے منگل کے روز ایک بیان میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا سے جاری جوہری مذاکرات سے کسی نتیجے کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی طاقتیں ایران پر غیر ضروری دباؤ ڈال رہی ہیں۔

یاد رہے کہ ایران اور مغربی ممالک کے درمیان یورینیم افزودگی کے مسئلے پر کئی برسوں سے تنازع جاری ہے۔ امریکا اور اس کے اتحادی ایران پر جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہیں، جبکہ ایران کا مؤقف ہے کہ اس کا نیوکلیئر پروگرام صرف پرامن مقاصد کے لیے ہے۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اگر اسرائیل کی جانب سے واقعی حملہ کیا گیا تو مشرق وسطیٰ میں شدید کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے، جو نہ صرف علاقائی امن کو خطرے میں ڈالے گی بلکہ عالمی سطح پر تیل اور توانائی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر سکتی ہے۔

مزیدخبریں