فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں جی ایچ کیو میں تقریب کا انعقاد ، خصوصی گارڈ آف آنر پیش

01:57 PM, 21 May, 2025

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں یادگار شہداء جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور شہدائے پاکستان کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنا یہ اعزاز پوری قوم، مسلح افواج، خاص طور پر شہداء، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سویلینز کے نام کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے کہا کہ یہ اعزاز پوری قوم اور افواج پاکستان کے بہادر مردوں اور خواتین کے نام ہے، خصوصاً ان شہداء کے جنہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہو کر وطن کا دفاع کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت پاکستان نے بھارت کے خلاف شاندار فتح کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کا اعلان کیا تھا۔ سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے بیج لگانے کی تقریب آج شام پانچ بجے ایوانِ صدر میں ہوگی۔

مزیدخبریں