پاکستان میں بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی، بی ایل اے کی سہولت کاری بےنقاب

06:29 PM, 21 May, 2025

اسلام آباد: پاکستان میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی ایک اور سازش بے نقاب ہو گئی، جس میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو بھارتی پشت پناہی حاصل ہونے کے واضح شواہد سامنے آئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارت کی جانب سے اسپانسر کی جانے والی دہشتگرد تنظیمیں، خاص طور پر بی ایل اے، پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث پائی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 مئی 2025 کے بعد بھارت سے چلنے والے متعدد سوشل میڈیا ہینڈلز نے بلوچستان میں حملوں کی دھمکیاں دیں، جن پر عملدرآمد کرتے ہوئے 21 مئی کو خضدار میں ایک اسکول بس پر خودکش حملہ کیا گیا۔ اس بزدلانہ کارروائی میں تین بچے اور دو دیگر افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

سکیورٹی اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کی ریاست راجستھان میں دہشتگردوں کی تربیت کے لیے 21 کیمپ فعال ہیں۔ ان میں تربیت یافتہ عناصر کو بی ایل اے سمیت مختلف گروہوں کے ذریعے پاکستان میں تخریبی کارروائیوں پر لگایا جاتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر ماضی میں اپنی متعدد بریفنگز میں یہ شواہد پیش کر چکے ہیں کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے ریاستی سطح پر دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ کلبھوشن یادیو کا اعترافی بیان بھی بھارتی مداخلت کا ثبوت ہے۔ذرائع کے مطابق، مودی حکومت پاکستان کے خلاف پراکسی وار کے ذریعے اپنے اندرونی مسائل اور حالیہ ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔ بھارتی میڈیا اور سیاسی قیادت کی جانب سے بی ایل اے جیسے دہشتگرد گروہوں کی حمایت اس منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔

پاکستانی سیکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنانے کی حکمت عملی ناکام ہوگی۔ ریاست پاکستان دہشتگردی کی ہر شکل کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور بھارتی مداخلت کے خلاف تمام تر شواہد عالمی فورمز پر پیش کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں