کراچی: شہر کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک 12 سالہ بچی کی پھندا لگی لاش گھر سے برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق بچی کی شناخت مہک کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنے تایا کے ساتھ سرجانی میں رہائش پذیر تھی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کیے اور بچی کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کے جسم پر تشدد یا زیادتی کے کوئی نشانات نہیں ملے، اور بظاہر واقعہ خودکشی کا معلوم ہوتا ہے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مہک گھر کے ساتھ واقع ایک چیز کی دکان پر کام میں ہاتھ بٹاتی تھی۔ بچی کے تایا نے میڈیا کو بتایا کہ "بیوی کے شور پر آنکھ کھلی تو دیکھا کہ مہک کی لاش دوپٹے سے لٹکی ہوئی ہے۔"
بچی کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں، اور نہ ہی ہمیں کسی پر شک ہے۔"
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے کی باریکی سے جانچ کی جائے گی۔