لاہور: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 210 رنز کا مشکل ہدف دے دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے اس اہم مقابلے میں کوئٹہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا۔
اننگز کا آغاز سعود شکیل اور فن ایلن نے کیا، تاہم سعود شکیل جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ بعد ازاں فن ایلن اور ریلی روسو نے 44 رنز کی شراکت قائم کی، مگر روسو صرف 16 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔ حسن نواز 6 رنز اور فن ایلن 41 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ کی بیٹنگ کو دنیش چندیمل اور فہیم اشرف کی عمدہ بیٹنگ نے سہارا دیا، جنہوں نے آخری اوورز میں تیز رفتاری سے رنز بنائے۔ کوئٹہ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز اسکور کیے۔
واضح رہے کہ اس میچ کی فاتح ٹیم براہ راست پی ایس ایل 10 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی، جس کے باعث دونوں ٹیموں کے لیے یہ مقابلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔