لاہور: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 30 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اہم میچ میں کوئٹہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز میں سے سعود شکیل جلد آؤٹ ہو گئے، تاہم فن ایلن اور ریلی روسو نے 44 رنز کی شراکت قائم کی۔ روسو نے 16، حسن نواز نے 6 اور فن ایلن نے 41 رنز اسکور کیے۔
اختتامی اوورز میں دنیش چندیمل اور فہیم اشرف کی شاندار بیٹنگ نے کوئٹہ کو بڑا مجموعہ دینے میں مدد دی۔ چندیمل 48 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، جب کہ فہیم اشرف نے 45 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ کوئٹہ نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔
210 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز مایوس کن رہا۔ ایلکس ہیلز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ بعد ازاں صاحبزادہ فرحان اور وین ڈر ڈیوسن نے ٹیم کو سہارا دیا اور 71 رنز کی شراکت قائم کی۔ ڈیوسن 35 اور فرحان 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کپتان شاداب خان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ آغا سلمان نے کچھ مزاحمت کی اور 44 رنز اسکور کیے، مگر دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ اسلام آباد کی پوری ٹیم 179 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
کوئٹہ کی جانب سے عثمان طارق نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد عامر، وسیم جونیئر اور فہیم اشرف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اگلا مرحلہ
اب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو اب ایک اور موقع ملے گا۔ کل ایونٹ کا الیمنیٹر میچ ہوگا، جس میں لاہور قلندرز کا مقابلہ کراچی کنگز سے ہوگا۔ فاتح ٹیم کوالیفائر 2 میں اسلام آباد سے ٹکرائے گی۔