راولپنڈی:خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس معلومات پر مبنی ایک بڑے اور مربوط آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو نیست و نابود کرتے ہوئے 23 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں حکومت کو انتہائی مطلوب فتنہ الخوارج کا اہم رنگ لیڈر بھی شامل ہے۔
نیونیوزبیوروچیف اسلام آباد جاوید بلوچ کا کہنا ہےکہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشنز کیے۔ ان کارروائیوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 23 خارجی دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں فتنہ الخوارج کا انتہائی خطرناک اور کلیدی رنگ لیڈر جان میر عرف طور ثاقب بھی شامل ہے۔ جان میر متعدد دہشت گرد کارروائیوں، سکیورٹی فورسز پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سرگرمی سے مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت بھی مقرر کر رکھی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے گروہ 'فتنہ الخوارج' سے تھا، جو ملک میں بدامنی پھیلانے کے لیے سرحد پار سے آپریٹ ہو رہا تھا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی جانب سے بنائی گئی خفیہ زیرِ زمین سرنگوں اور بنکرز کے پورے جال کو تلاش کر کے مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق علاقے میں خوارج کے ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر مفرور ساتھیوں کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن: فتنہ الخوارج کا اہم رنگ لیڈر 'طور ثاقب' سمیت 23 دہشت گرد ہلاک، بنکرز تباہ
09:35 PM, 21 May, 2026