ایم کیوایم کا ٹھپے لگا کر ووٹ لینے والا نظام اب خراب ہوگیاہے: سعید غنی

ایم کیوایم کا ٹھپے لگا کر ووٹ لینے والا نظام اب خراب ہوگیاہے: سعید غنی

کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کا ٹھپے لگا کر ووٹ لینے والا نظام اب خراب ہوگیاہے یہی وجہ ہے کہ اب کراچی میں امن بحال ہوگیا ہے۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے قبل میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کیخلاف سیاسی اتحاد کا وہی حال ہو گاجو ماضی میں ہوا،انہوں نے دعوی کیا کہ سندھ ڈیمو کریٹک الائنس کے سارے لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔سعید غنی نے کہا کہ حالیہ ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی جیتی ہے ،ایم کیو ایم کا ٹھپے مارنے کا نظام اس وقت خراب ہوچکا ہے، انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم ماضی میں بھی سہارے تلاش کرتی تھی ،پہلے ایم کیو ایم نتائج تبدیل کرانے کے لئے لوگوں کو مارتی تھی ، مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔

سعید غنی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت شہر قائد میں پیپلزپارٹی کا ووٹ بینک ایم کیوایم سے زیادہ ہے، ایم کیوایم کا ٹھپے لگا کر ووٹ لینے والا نظام اب خراب ہوگیاہے۔ایک سوال کے جواب پر سعید غنی کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی کارکن ہیں.خواب نہیں دیکھتے،ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ منظور وسان کے اکثر خواب درست ثابت ہوجاتے ہیں، سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سعید غنی کا کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے ایم کیو ایم اور پی ایس پی ایک ہوں گے۔