لاہور: سرد موسم کے ساتھ شہر میں دھند اور سموگ نے ایک بار پھر اپنے ڈیرے جما لیے ہیں۔ بڑھتی فضائی آلودگی کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج چوتھے نمبر پر رہا، جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس مسلسل خطرناک سطح پر ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہے گا اور بارش کی کوئی پیشگوئی نہیں کی گئی۔ رات اور صبح کے اوقات میں دھند کی شدت میں اضافے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے اور دن کا درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
سموگ کی صورتحال کے پیش نظر محکمۂ صحت نے شہریوں کو احتیاط کی اپیل کرتے ہوئے ماسک کے استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔