نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور مسائل کے حل کے لیے دونوں فریقوں کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے۔
اپنے خطاب میں عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان سفارتکاری اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کا حامی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ روس یوکرین جنگ کے خطے پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور اس کے نتیجے میں عام انسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے عالمی قوانین کے تحت شہریوں اور انفراسٹرکچر کی حفاظت یقینی بنانے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ امریکی میڈیا نے حال ہی میں اطلاع دی ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ خفیہ طور پر روس کے ساتھ مشاورت میں یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے نیا منصوبہ تیار کر رہی ہے، جس کی قیادت امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کر رہے ہیں۔