نواز شریف کو فوری گرفتار کیا جائے اور نام ای سی ایل میں ڈالا جائے:ڈاکٹر محمد طاہر القادری

نواز شریف کو فوری گرفتار کیا جائے اور نام ای سی ایل میں ڈالا جائے:ڈاکٹر محمد طاہر القادری

لاہور :پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو فوری گرفتار کیا جائے اور کرپشن ریفرنسز کے فیصلوں تک نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ۔
تفصیلات کے مطابق عوامی تحریک کے سربراہ طاہرا لقادری نے کہا ہے کہ نواز، شہباز دونوں قاتل ،قومی مجرم اور ہر جرم میں برابر کے حصہ دار ہیں، انہیں رعایت دینے کا مطلب آئین، عدلیہ سے کھلا انحراف اور ملک و قوم سے غداری ہو گی، 2014 ء کے دھرنے میں اشرافیہ کی معاشی دہشت گردی، قتل و غارت گری اور لوٹ کھسوٹ کی جو نشاندہی کی تھی آج دنیا بھر سے اس کے ثبوت آرہے ہیں، فرد جرم ہمارے موقف کی توثیق ہے۔
انھوں نے کہا کہ ادارے گلے سڑے کرپشن زدہ متعفن نظام کی بجائے پاکستان کو بچانے کی فکر کریں ،سپریم کورٹ کی طرف سے جھوٹا ثابت ہونے والے شخص کو پارٹی صدر بنا کر پوری ن لیگ نے قوم کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ ہم جھوٹ، کرپشن اور لوٹ مار کے حامی ہیں اور ہمارے نزدیک سپریم کورٹ کے فیصلوں، آئین، قانون ،جمہوری اخلاقیات کی کوئی حیثیت نہیں۔
طاہر القادری نے ماڈل ٹاﺅن سانحہ کے بارے میںبات کرتے ہوئے کہا کہ قاتل اعلیٰ کے کرتوت جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ میں ہیں، جس دن یہ رپورٹ منظر عام پر آجائے گی سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے قاتلوں کے چہروں پر پڑا ہواپردہ اٹھ جائیگا،ہم جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ کے پبلک ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔
انکا کہنا تھاکہ نواز شریف عادی بھگوڑا ہے، یہ اپنا ساز و سامان بیرون ملک شفٹ کر چکے ہیں، ان کا پاکستان میں اقتدار کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے،جب تک خائن کی باقیات اقتدار میں ہیں یہ آتا جاتا نظر آتا رہے گا،جب یہ امید بھی ٹوٹ گئی تو پھر فیصلے آنے سے پہلے ہی بھاگ جائے گا،فرد جرم کا ہر حرف سچ پر مبنی ہے اور جو کرپشن اب تک سامنے آئی اس کی حیثیت سمندر کے ایک قطرے جیسی ہے، ان کے بیشتر اثاثے اور اکاﺅنٹس ابھی پردہ راز میں ہیں،لوٹی گئی دولت واپس لانا احتساب کے اداروں کی اصل آزمائش ہے۔