ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کاامکان

01:28 PM, 21 Oct, 2025

اسلام آباد :  محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور موسم میں تبدیلی کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں سرد موسم رہنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب، اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں سردی بڑھنے کی توقع ہے۔ سیالکوٹ اور اس کے قرب و جوار میں رات کے اوقات میں دھند رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا، تاہم، چترال، دیر، سوات، کوہستان اور کرم میں چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔

دوسری جانب کراچی میں خشک موسم کے ساتھ رات کے وقت خنکی اور دن میں گرمی کی وجہ سے سانس کی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق، گرد آلود ہواؤں، کچرا جلانے اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے دمہ، بخار، ملیریا اور ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

کراچی کے سرکاری و نجی اسپتالوں میں سانس کی بیماریوں کے مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس سے صحت کے نظام پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں اور صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سانس کی بیماریوں کے شکار افراد مخصوص علاج اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

مزیدخبریں