یورپی یونین کی غزہ جنگ بندی کے مقاصد حاصل نہ ہوئے پر اسرائیل پر پابندی لگا نے کی دھمکی

02:30 PM, 21 Oct, 2025

برسلز : یورپی یونین نے اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ اگرچہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ نافذ ہو چکا ہے، تاہم اسرائیل کے خلاف ممکنہ پابندیوں کا خطرہ ابھی تک ٹلا نہیں ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالس نے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل پر پابندیاں تب تک برقرار رہیں گی جب تک غزہ کے زمینی حالات میں مستقل اور ٹھوس بہتری نہ دیکھنے کو ملے۔

کایا کالس کا کہنا تھا کہ جنگ بندی نے صورتحال میں کچھ تبدیلی ضرور لائی ہے، مگر جب تک غزہ میں امداد کی فراہمی اور انسانی حالت میں حقیقی بہتری نہیں آتی، اسرائیل پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ غزہ میں انسانی امداد میں اضافہ کیا جائے، فلسطینی ریونیو کی واپسی کی جائے، صحافیوں کو رپورٹنگ کی اجازت دی جائے اور این جی اوز کی سرگرمیاں بحال کی جائیں۔

یاد رہے کہ جنگ بندی سے قبل یورپی یونین نے اسرائیل کے متعدد وزراء کو بلیک لسٹ کرنے، تجارتی تعلقات میں کٹوتی اور مالی پابندیوں کی تجویز دی تھی، تاہم امریکی ثالثی کے تحت جنگ بندی کے بعد ان تجاویز پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں