اگر جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوئی تو اسرائیل غزہ میں داخل ہو کر حماس کو مٹا دے گا ، ٹرمپ

01:51 PM, 21 Oct, 2025

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر حماس نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی تو وہ اسرائیل کو غزہ میں دوبارہ داخل ہونے اور حماس کو مکمل طور پر ختم کرنے کا حکم دے سکتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نے حماس کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ حماس اس کی پاسداری کرے گا۔ تاہم، اگر حماس نے اپنی روش نہ بدلی تو اسرائیلی فوج کو دوبارہ غزہ میں داخل ہونے اور حماس کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ اسرائیل کی فوج محض دو منٹ میں غزہ میں داخل ہو کر حماس کو مکمل طور پر ختم کر سکتی ہے، تاہم فی الحال ان کی ترجیح جنگ بندی کو برقرار رکھنا ہے تاکہ صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔

صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حماس نے اب تک یرغمالیوں کی 28 لاشوں میں سے زیادہ تر واپس نہیں کیں، جو معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ اگر حماس نے اپنا رویہ نہ بدلا تو اسرائیل کو سخت کارروائی کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔

مزیدخبریں