ٹی ایل پی کی 330 مساجد کا کنٹرول حکومت نے سنبھال لیا، سعد رضوی قانون کی گرفت میں ہوں گے: عظمیٰ بخاری

03:06 PM, 21 Oct, 2025

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور سعد رضوی آج نہیں تو کل قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومت نے ٹی ایل پی سے منسلک 330 مساجد کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، تاہم کوئی مسجد مسمار کی جا رہی ہے اور نہ ہی کسی قبر کو منتقل کیا جا رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق، 223 مدارس کا مکمل ریکارڈ جمع کر لیا گیا ہے جن میں سے 6 مدارس سرکاری زمین پر تعمیر کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ایل پی کو 3,800 افراد کی جانب سے فنڈنگ کی جا رہی تھی، جن کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سعد رضوی کے گھر سے ایک کلو 920 گرام سونا، 889 گرام چاندی اور 69 قیمتی گھڑیاں برآمد ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریدکے میں خون کی ندیاں بہانے کی کہانی گھڑی گئی، جبکہ حالیہ پرتشدد مظاہروں میں 3 شہری جاں بحق اور 18 پولیس اہلکاروں سمیت 48 افراد زخمی ہوئے۔ مشتعل مظاہرین نے 8 پولیس گاڑیوں کو نذر آتش کیا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تحریکِ لبیک کے بعض اقدامات ملک میں فساد اور دہشتگردی کے مترادف ہیں، اور دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔

مزیدخبریں