کراچی :سابقہ اداکارہ اور موجودہ بزنس وومن کومل عزیز نے انکشاف کیا ہے کہ کیریئر کے آغاز میں انہیں شدید ذہنی دباؤ کا سامنا رہا، جس سے نکلنے کے لیے انہوں نے کئی تھیراپی سیشنز لیے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں کومل عزیز نے بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں قدم رکھتے ہی انہیں اپنے خاندان کی جانب سے تنقید اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ وہ ایک تعلیم یافتہ گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں اور امریکا سے تعلیم حاصل کر چکی ہیں، اس لیے ان کے اہل خانہ سمجھتے تھے کہ اداکاری ان کے لیے مناسب پیشہ نہیں ہے۔
کومل نے کہا کہ وہ ذہنی دباؤ کا شکار رہیں اور اسی لیے انہوں نے ماہرین سے رجوع کیا۔ "میں نے کئی سیشنز لیے تاکہ اپنی ذہنی صحت کو بہتر بنا سکوں۔ اس کے بعد مجھے شوبز چھوڑنے کا فیصلہ کرنے میں آسانی ہوئی۔"
اداکارہ نے مزید بتایا کہ وہ اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں جب انہوں نے اداکاری کو خیرباد کہہ کر اپنا کاروبار شروع کیا، اور اب وہ ایک کامیاب بزنس وویمن کے طور پر کام کر رہی ہیں۔