مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر حکومت سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا

05:24 PM, 21 Oct, 2025

اسلام آباد :مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت سے علیحدہ ہو گئی ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر پیپلز پارٹی تحریک عدم اعتماد لاتی ہے تو یہ ان کا جمہوری حق ہے، تاہم مسلم لیگ ن کسی بھی نئی حکومت میں شامل نہیں ہوگی۔

شاہ غلام قادر نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن غیر جمہوری یا غیر فطری حکومت سازی کا حصہ نہیں بنے گی اور اب وہ اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صرف شفاف عام انتخابات کے ذریعے ہی مضبوط حکومت قائم کی جا سکتی ہے۔ مسلم لیگ ن مہاجرین اور بیرون ملک کشمیریوں کے مسائل کے حل کے لیے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر ایک منظم اور مقبول سیاسی جماعت کے طور پر ابھری ہے اور آئندہ بھی سیاسی و آئینی مسائل کے حل میں مثبت کردار ادا کرے گی۔

شاہ غلام قادر نے نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں بھرپور انتخابی مہم چلانے کا اعلان بھی کیا۔

مزیدخبریں