پاکستان کے معدنی ذخائر عالمی توجہ کا مرکز، امریکی جریدے کا اعتراف

06:51 PM, 21 Oct, 2025

اسلام آباد:موقر امریکی جریدے "فارن پالیسی" نے پاکستان کے معدنی وسائل کو عالمی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ان ذخائر کی قدر و قیمت کو تسلیم کیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

پاکستان ٹیلیویژن  کے  ایکس اکائونٹ کے  مطابق  رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان کے معدنی ذخائر 2 لاکھ 30 ہزار مربع میل پر محیط ہیں، جو برطانیہ کے رقبے سے دوگنا ہیں۔ جریدے کے مطابق یہ ذخائر بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتے ہیں، جن سے نہ صرف پاکستان بلکہ سرمایہ کار ممالک کو بھی معاشی، تکنیکی اور سماجی فوائد حاصل ہوں گے۔

 

فارن پالیسی نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ پاکستان نے قومی معدنی پالیسی 2025 متعارف کروا دی ہے، جس کا مقصد معدنیات کے شعبے کو منظم کرنا اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ اس پالیسی کے تحت بلوچستان جیسے پسماندہ علاقوں میں انفرااسٹرکچر، روزگار اور سماجی ترقی کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ریکوڈک منصوبے کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں کو بیرونِ ملک تربیت کے لیے بھیجا گیا ہے، تاکہ مقامی سطح پر مہارت اور ٹیکنالوجی منتقل کی جا سکے۔ جریدے نے لکھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی تعاون اور ٹیکنالوجی شیئرنگ کے ذریعے معدنی شعبے میں خاطر خواہ پیش رفت متوقع ہے۔

فارن پالیسی کا کہنا ہے کہ اگر ان وسائل کا مؤثر اور پائیدار استعمال کیا گیا تو پاکستان قومی خودکفالت اور طویل المدتی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے، اور دنیا میں اپنی معدنی اہمیت کو مزید مستحکم کر سکتا ہے۔

مزیدخبریں