کراچی : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک اس وقت ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے اور موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ باہمی اتحاد اور اتفاق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی و مذہبی قیادت کو مل بیٹھ کر قومی مفاد میں فیصلے کرنا ہوں گے۔
کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وفاقی وزیر تعلیم و ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ہم سب کا ایک ہی مشن ہے: ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جس کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔ فتنۂ خوارج کے خلاف آپریشن کی قیادت خود وفاقی وزیر داخلہ کر رہے ہیں، اور اس حوالے سے تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ محسن نقوی نہ صرف ملک بھر میں امن و امان کی بحالی کے لیے سرگرم ہیں، بلکہ سیاسی و مذہبی رہنماؤں سے رابطے میں بھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کے حوالے سے بھی وفاقی وزیر داخلہ کو بعض تجاویز دی گئی ہیں۔
اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے محسن نقوی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس وقت افواجِ پاکستان نے ملک کے استحکام اور جمہوریت کی بقا کے لیے اہم کردار ادا کیا، ایسے وقت میں وزیر داخلہ کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر سندھ وفاق کی نمائندگی احسن انداز میں کر رہے ہیں، جو دیگر صوبوں کے گورنرز کے لیے ایک مثال ہے۔