راولپنڈی میں ڈینگی کی صورتحال بہتر، انسداد ڈینگی انتظامات ماڈل قرار

08:43 PM, 21 Oct, 2025

راولپنڈی : وزیر صحت و آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت راولپنڈی میں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم این اے طاہرہ اورنگزیب، اراکین اسمبلی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلعی انتظامیہ نے صوبائی وزیر کو انسداد ڈینگی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال ڈینگی کی صورتحال نمایاں بہتر ہے۔ راولپنڈی کو انسداد ڈینگی انتظامات کے حوالے سے ماڈل ضلع قرار دیا گیا۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پارلیمنٹیرینز اور انتظامیہ کی مشترکہ محنت، نگرانی اور موثر حکمت عملی کی بدولت ڈینگی پر قابو پایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی جیسے سنگین چیلنج سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے ایک ٹیم کی طرح کام کر رہے ہیں اور عوام کا تعاون بھی اس کامیابی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیر صحت نے ہدایت کی کہ تمام محکمے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ اور سرویلنس کے عمل میں سرگرم رہیں اور آئندہ سال کے لیے انسداد ڈینگی کی مزید بہتر منصوبہ بندی کی جائے تاکہ اس مرض کے پھیلاؤ کو مکمل طور پر روکا جا سکے۔

مزیدخبریں