"میں نے پاک بھارت جنگ رکوائی"،ٹرمپ کا ایک بار پھر ثالثی کا دعوی

10:20 PM, 21 Oct, 2025

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکنے میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ وائٹ ہاؤس میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی بڑھی ہوئی تھی، لیکن ان کی مداخلت سے جنگ بندی ممکن ہوئی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ "پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں نے کرائی، اس جنگ میں 7 جنگی طیارے مار گرائے گئے تھے، لیکن ہم نے معاملے کو مزید بڑھنے سے روک دیا۔"

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہونے والی 8 جنگیں انہوں نے ختم کرائیں، اور اکثر معاملات میں "تجارت کی بات کر کے جنگ رکوائی۔" ان کا کہنا تھا کہ ان کی سفارتی حکمت عملی تنازعات کے حل اور معاشی بہتری دونوں کے لیے کارگر رہی ہے۔

چین سے متعلق بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ آئندہ دو ہفتوں میں چینی صدر شی جن پنگ سے کئی اہم معاملات پر بات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ "چین اور یورپی ممالک برسوں سے امریکا پر سخت محصولات عائد کرتے آ رہے ہیں،" اور اب وقت آ گیا ہے کہ "ہم اپنی معیشت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے کسٹمز ڈیوٹی کو مضبوط ہتھیار کے طور پر استعمال کریں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ محصولات کے بغیر امریکی معیشت کمزور ہو جائے گی، اور ان کی حکومت نے تجارتی پالیسی کو قومی مفاد کے تحفظ کے لیے استعمال کیا۔

مزیدخبریں