یوم عاشور شہداء کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، صدر، وزیراعظم

یوم عاشور شہداء کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، صدر، وزیراعظم
کیپشن: حضرت امام حسینؓ نے ثابت کیا کہ باطل جب بھی حق سے ٹکرایا ہے نیست و نابود ہوا، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام الگ الگ پیغامات میں کہا ہے کہ یوم عاشور ہمیں شہداء کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

یوم عاشور پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے۔ حضرت امام حسینؓ نے ثابت کیا کہ باطل جب بھی حق سے ٹکرایا ہے نیست و نابود ہوا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ حق و باطل کی لڑائی اس دور میں بھی جاری ہے۔ ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے جبکہ یہی وقت کی ضرورت ہے اور اسی میں سب کی بقا ہے۔

ادھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم عاشور کےموقع پر کہا کہ یوم عاشور ہمیں شہداء کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اعلیٰ مقاصد، استقامت اور حق کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہئے۔