ایشیا کپ 2025 سپر فور مرحلہ : پاکستان اور بھارت آج مدمقابل آئیں گے

09:41 AM, 21 Sep, 2025

دبئی: ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں آج پاکستانی اور بھارتی کرکٹ ٹیمیں ایک بار پھر میدان میں اتر رہی ہیں۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اور میدان وہی ہیں جہاں گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹ سے شکست دی تھی۔ اس بار پاکستان کی ٹیم اپنی پچھلی شکست کا بدلہ لینے کے لیے پُرعزم ہے۔

گزشتہ روز قومی سکواڈ کی تیاریوں کے دوران دبئی کرکٹ اکیڈمی میں بھارتی فینز نے پاکستانی کھلاڑیوں کا استقبال کیا اور خاص طور پر فخر زمان کے آٹو گراف لیے۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی بھی ٹیم کے ساتھ موجود ہیں اور کوچ اور کپتان سے میچ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔

پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کرتے ہوئے اوپنر صائم ایوب کو نمبر چار پر بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی حسین طلعت کی جگہ حسن نواز کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ فاسٹ بولنگ کے لیے شاہین اور حارث کو برقرار رکھا گیا ہے۔

گزشتہ میچ میں ہاتھ ملانے کے تنازع کے باعث پاکستانی ٹیم نے آئی سی سی سے ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن بعد میں ریفری نے معذرت بھی کی ہے۔

شائقین کرکٹ پاکستانی ٹیم سے بھرپور امیدیں لگائے بیٹھے ہیں اور دعا کر رہے ہیں کہ پاکستان اس بار بھارت کو شکست دے کر اپنی عزت واپس لے گا۔

مزیدخبریں