مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر پاک بھارت تعلقات قائم نہیں ہو سکتے، وزیراعظم شہباز شریف کا اوورسیز کنونشن میں اہم خطاب

10:00 AM, 21 Sep, 2025

لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر پاک بھارت تعلقات قائم نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جھگڑالو پڑوسی بننے کے بجائے اچھے ہمسائے کی طرح رہنا چاہیے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ کشمیر کے بغیر تعلقات استوار ہو سکتے ہیں تو وہ "احمقوں کی جنت میں" رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگوں پر اربوں ڈالر خرچ ہو چکے ہیں، جنہیں عوام کی ترقی اور فلاح پر خرچ کیا جانا چاہیے۔ وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کی معیشت میں خدمات کو سراہتے ہوئے بتایا کہ اس سال اوورسیز پاکستانیوں نے ساڑھے 48 ارب ڈالر پاکستان بھیجے ہیں۔

علاوہ ازیں، شہباز شریف نے غزہ میں فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کی مذمت کی اور کہا کہ وہاں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ وزیراعظم آج لندن سے امریکہ روانہ ہوں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور غزہ پر ہونے والے خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کا اوورسیز پاکستانیوں سے تاریخی خطاب آج دوپہر نشر کیا جائے گا۔

مزیدخبریں