ایران نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی سے تعاون ختم کرنے کا اعلان کر دیا

02:57 PM, 21 Sep, 2025

تہران: ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) سے تعاون ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف پابندیوں سے متعلق قرارداد مسترد ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک کی جانب سے پابندیوں کے باعث مزید تعاون ممکن نہیں رہا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں حالیہ قرارداد میں چار ممالک نے ایران پر نئی پابندیاں روکنے کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ نو ممالک نے پابندیوں میں نرمی کی مخالفت کی۔ ایران نے اس فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران حد سے بڑھے ہوئے مطالبات کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا اور پابندیوں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوہری تنصیبات جیسے نطنز اور فردو پر حالیہ حملے ایران کو روک نہیں سکتے کیونکہ یہ تنصیبات انسانوں نے بنائی ہیں اور دوبارہ بھی بنائی جا سکتی ہیں۔

صدر پزشکیان نے واضح کیا کہ ایران کی جوہری خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پابندیوں کے باوجود ایران اپنی دفاعی اور جوہری صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

مزیدخبریں