شہنشاہ قوالی مقبول احمد صابری کو مداحوں سے بچھڑے 14 برس بیت گئے

04:38 PM, 21 Sep, 2025

لاہور : قوالی کے فن میں منفرد مقام رکھنے والے مقبول احمد صابری کی 14ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ عالمی سطح پر صوفیانہ کلام اور قوالی کی آواز کے ذریعے لاکھوں دلوں کو مسحور کرنے والے مقبول احمد صابری آج بھی اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

1945 میں بھارت کے علاقے کلیانہ میں پیدا ہونے والے مقبول صابری نے ابتدائی تعلیم اپنے والد عنایت حسین صابری سے حاصل کی۔ انہوں نے بہت کم عمری میں قوالی کے سفر کا آغاز کیا اور جلد ہی اپنی منفرد آواز کے جادو سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔ پاکستان کے علاوہ بھارت میں بھی ان کی قوالیاں بے حد مقبول ہوئیں اور بھارتی فلموں کا حصہ بنیں۔

مقبول صابری نے اپنے بڑے بھائی غلام فرید صابری کے ساتھ مل کر صابری برادران کے نام سے عالمی شہرت پائی۔ ان کی مشہور قوالیوں میں ’’بھر دو جھولی میری‘‘ اور ’’تاجدار حرم‘‘ شامل ہیں جو آج بھی بے حد مقبول ہیں۔ ان کے فن کو سراہتے ہوئے انہیں "پرائڈ آف پرفارمنس" سے بھی نوازا گیا۔

دل کے عارضے میں مبتلا مقبول احمد صابری 21 ستمبر 2011 کو انتقال کر گئے، مگر اپنی لاجواب آواز اور فن کی بدولت آج بھی ان کے گیت اور قوالیاں سننے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

مزیدخبریں