پنجاب میں سیلابی صورتحال معمول پر آ گئی، بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ، پی ڈی ایم اے

02:19 PM, 21 Sep, 2025

لاہور :  پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں واضح کمی آ گئی ہے اور صوبے میں سیلابی صورتحال اب معمول پر آ چکی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ اب نارمل ہو چکا ہے، جب کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی پانی کی سطح تیزی سے نیچے آ رہی ہے۔

ادارے کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 98 ہزار کیوسک اور سلیمانکی میں 82 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر 43 ہزار کیوسک، خانکی پر 38 ہزار کیوسک، اور قادرآباد پر 37 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ ہے، جب کہ ہیڈ تریموں پر بھی یہی مقدار ریکارڈ کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ پنجند کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 18 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے، جبکہ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر بہاؤ 7 ہزار کیوسک ہے۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں روڈز کی بحالی اور شگاف پر کرنے کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ کل کنول روڈ، بستی عظیم شاہ، اور خیرپور سلطان پور روڈ پر پڑنے والے شگاف مکمل طور پر بھر کر سڑکیں عام ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔

اسی طرح علی پور، ماڑی روڈ، اور عظمت پور میں بھی مرمت اور بحالی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ عوام کی سہولت کے لیے علی پور میں عارضی پل بنا کر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صورتحال پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔

مزیدخبریں