برج ٹاؤن :پاکستانی نوجوان بیٹر معاذ صداقت نے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے فائنل میں شاندار سنچری سکور کرکے ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کروا دیا، تاہم ان کی عمدہ اننگز جمیکا کنگز کو ٹائٹل جتوانے کے لیے کافی ثابت نہ ہوسکی۔
جمیکا کنگز کی جانب سے کھیلتے ہوئے معاذ صداقت نے اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز کے خلاف صرف 58 گیندوں پر 114 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔
معاذ کی اس سنچری کے ساتھ وہ فرنچائز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے، جبکہ سی پی ایل کی تاریخ میں بھی فائنل کے دوران سنچری بنانے والے پہلے بیٹر کا اعزاز حاصل کیا۔
اس سے قبل ایلیمینیٹر میں بھی معاذ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 112 رنز بنائے تھے، جس کے نتیجے میں وہ سی پی ایل کی تاریخ میں سنچری بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے تھے۔
معاذ کی سنچری کی بدولت جمیکا کنگز نے مقررہ اوورز میں 170 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، لیکن اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز نے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرتے ہوئے 20 گیندیں قبل ہی صرف دو وکٹوں کے نقصان پر فتح حاصل کرلی۔
فائنل میں 114 رنز کی اننگز نے معاذ کو سی پی ایل فائنل کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والا بیٹر بھی بنا دیا۔ انہوں نے اس ریکارڈ میں لینڈل سمنز اور برینڈن کنگ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
سی پی ایل 2026 میں معاذ صداقت نے سات میچز میں 363 رنز سکور کیے، ان کی بیٹنگ اوسط 60.50 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 174.52 رہا۔
رواں سال پی ایس ایل اور سی پی ایل میں معاذ کے مجموعی رنز کی تعداد 653 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ وہ اب تک دو سنچریاں اور دو نصف سنچریاں بھی سکور کرچکے ہیں۔