کیلیفورنیا : ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کے متعارف ہونے کے بعد جنوبی کوریا میں سام سنگ کے گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کی فروخت میں اچانک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی انڈسٹری سے وابستہ ذرائع کے مطابق، ایپل کی جانب سے 9 ستمبر کو فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرائے جانے کے بعد ایک ہفتے کے دوران جنوبی کوریا میں گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کی فروخت گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں تقریباً 10 فیصد زیادہ رہی۔
صنعتی ذرائع کے مطابق کچھ صارفین فولڈ ایبل فون خریدنے سے قبل ایپل کی نئی ڈیوائس کا انتظار کر رہے تھے۔ آئی فون ڈیو کے سامنے آنے کے بعد ان میں سے بعض صارفین نے سام سنگ کے فولڈ ایبل فون کا انتخاب کیا۔
ماہرینِ صنعت کے مطابق ایپل کی فولڈ ایبل فون مارکیٹ میں انٹری نے مجموعی طور پر صارفین کی دلچسپی میں اضافہ کیا ہے، تاہم مختلف ماڈلز کی قیمت اور دستیابی بھی خریداری کے فیصلوں پر اثرانداز ہو رہی ہے۔
جنوبی کوریا میں دونوں ڈیوائسز کی قیمتوں میں نمایاں فرق موجود ہے۔ 256 جی بی سٹوریج والے آئی فون ڈیو کی قیمت 32 لاکھ 90 ہزار وون مقرر کی گئی ہے، جبکہ اسی سٹوریج کے گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کی قیمت 22 لاکھ 80 ہزار وون ہے۔ یوں دونوں فونز کے درمیان قیمت کا فرق 10 لاکھ 10 ہزار وون بنتا ہے، جو تقریباً 720 امریکی ڈالر کے برابر ہے۔
دوسری جانب آئی فون ڈیو کے 2 ٹی بی سٹوریج والے سب سے مہنگے ماڈل کی قیمت جنوبی کوریا میں 50 لاکھ 90 ہزار وون رکھی گئی ہے۔
امریکا میں صورتحال مختلف ہے، جہاں یکساں سٹوریج گنجائش رکھنے والے دونوں ماڈلز کی قیمتوں میں فرق تقریباً 100 ڈالر بتایا گیا ہے۔