عطا تارڑ کی کوہاٹ واقعے کے شہید پولیس اہلکار فہیم اللہ کے گھر آمد، اہل خانہ سے اظہار تعزیت

02:20 PM, 21 Sep, 2026

کوہاٹ: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کوہاٹ واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار فہیم اللہ کے گھر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے شہید کے والد سے ملاقات کی اور فہیم اللہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

 عطا تارڑ نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم فہیم اللہ جیسے بہادر جوانوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہداء نے ملک کے امن و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور شہداء کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

 عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر اہلکاروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے شہید فہیم اللہ کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما صادق رضا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

مزیدخبریں