کوہاٹ میں فضا سوگوار شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ

05:12 PM, 21 Sep, 2026

کوہاٹ: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کوہاٹ میں آج فضا سوگوار ہے، ملکی دفاع کے لیے دھرتی کے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ فوج اور پولیس کے افسران و جوانوں نے بہادری سے آپریشن میں حصہ لیا جبکہ سی ایم ایچ میں زیر علاج زخمی جوانوں کا جذبہ دیدنی ہے۔

 عطا تارڑ نے کہا کہ بزدل دہشت گرد چھپ کر وار کررہے ہیں، تاہم وہ قوم کے حوصلے کو کم نہیں کرسکتے۔ ہم سب مل کر دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے اور اس کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

 وفاقی وزیر نے شہید فہیم کے والد کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹے کی شہادت ان کے لیے قابل فخر لمحہ ہے، ایسے جذبے کو دہشت گرد کبھی شکست نہیں دے سکتے۔

 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے عطا تارڑ نے سوال کیا کہ کوہاٹ کے افسوسناک واقعے کے وقت وزیراعلیٰ کہاں تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے لاہور کی سڑکوں پر موجود تھے، جبکہ خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے ان کے پاس وقت نہیں۔

 عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو تعلیم، صحت اور عوامی فلاح کے حوالے سے اپنے ساڑھے 12 سالہ دور کا جواب دینا ہوگا۔ ان کے مطابق صوبے میں پولیس کی سہولت کے لیے فرانزک لیب تک موجود نہیں، جبکہ وسائل اور فنڈز کی کمی نہیں بلکہ نیت کی کمی ہے۔

 وفاقی وزیر نے خیبرپختونخوا حکومت پر کرپشن کے الزامات بھی عائد کیے اور کہا کہ من پسند افراد کو ٹھیکے دے کر پیسے وصول کیے جاتے ہیں اور صوبے میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کیے جارہے ہیں۔

 اسلام آباد میں احتجاج کے حوالے سے عطا تارڑ نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو بند کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی اور کسی مسلح جتھے کو اسلام آباد کی طرف آنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ کو پرامن احتجاج نہیں کہا جاسکتا۔

 انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے کوہاٹ دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ ہیلی کاپٹر پر آئے، 15 منٹ چکر لگایا اور چلے گئے، انہیں چاہیے تھا کہ زخمی جوانوں سے ملاقات کرتے اور انہیں گلے لگاتے۔

 عطا تارڑ نے مزید کہا کہ اگر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کچھ نہیں کرسکتے تو گھر چلے جائیں، جبکہ پی ٹی آئی کو تباہی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزیدخبریں