ہٹ اینڈ رن کیس : سلمان خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ

ہٹ اینڈ رن کیس : سلمان خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ
کیپشن: فوٹو: بشکریہ انڈین ایکسپریس

ممبئی: سیشن عدالت نے 2002 میں ہٹ اینڈ رن کیس میں بالی ووڈ دبنگ سلمان خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردئیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کی سیشن عدالت نے رواں ماہ ہٹ اینڈ رن کیس میں عدالت کو ملزم(سلمان) کی جانب سے گارنٹی جمع نہ کرنے پر اداکار سلمان خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، تاہم گزشتہ روز سلمان خان نے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج ایم جی دیش پانڈے کی جانب سے قانونی کارروائی مکمل کرنے سے قبل عدالت میں پیش ہوکر قانونی ضابطے مکمل کرتے ہوئے گارنٹی جمع کرادی جس کے بعد ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردئیے گئے۔
واضح رہے کہ 2002میں سلمان خان نے ممبئی کی ایک سڑک پر شراب کے نشے میں فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں کو اپنی گاڑی سے کچل دیاتھا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔ سیشن کورٹ نے سلمان خان کو رواں سال اسی کیس میں دو نوٹسز جاری کیے تھے ایک نوٹس5 مارچ کواور دوسرا 16 مارچ کو بھیجا گیا تھا تاہم سلمان خان کی جانب سے دونوں نوٹسز کے جواب جمع نہ کرانے پر عدالت کی جانب سے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔