لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے با آسانی شکست دے دی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے۔ جیسن روئے 85 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ اعظم خان نے 35 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے نوجوان فاسٹ بولر علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے اننگز کے آخری اوور میں ہیٹ ٹرک مکمل کی اور مجموعی طور پر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سب سے کم عمر بولر بن گئے۔
جواب میں پشاور زلمی نے ہدف کا تعاقب انتہائی آسانی سے کیا اور 19ویں اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کرلیا۔ کوشل مینڈس 80 رنز اور فرحان یوسف 58 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
اس کامیابی کے ساتھ پشاور زلمی نے ایونٹ میں اپنی آٹھویں فتح حاصل کرلی اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔ ٹیم اب تک 9 میچز میں 17 پوائنٹس کے ساتھ ناقابل شکست ہے جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا تھا۔
دوسری جانب کراچی کنگز 8 میچز میں 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ پشاور زلمی پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔