ٹیکسٹائل انڈسٹری کی تاریخی کارکردگی، غذائی برآمدات میں قدرے کمی

08:43 PM, 22 Aug, 2025

اسلام آباد: مالی سال 2025-26 کے پہلے ماہ، جولائی 2025 میں پاکستان کی برآمدات میں 16.43 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد برآمدات کا مجموعی حجم 2.68 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ یہ اعداد و شمار وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق برآمدات میں سب سے زیادہ اضافہ ٹیکسٹائل شعبے میں دیکھا گیا، جہاں برآمدات 32 فیصد اضافے کے ساتھ 1 ارب 67 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ ریڈی میڈ گارمنٹس، سوتی دھاگا، کپڑا، نیٹ ویئر، بیڈویئر اور تولیے کی برآمدات میں اضافہ ہوا، تاہم ٹینٹ، کینوس اور ترپال جیسی اشیاء کی برآمد میں کمی آئی۔

غذائی اجناس کی برآمدات میں 10.25 فیصد کمی دیکھی گئی، جس کے بعد ان کا حجم 42 کروڑ 69 لاکھ ڈالر رہا، جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ غذائی برآمدات 47 کروڑ 57 لاکھ ڈالر تھیں۔ باسمتی چاول، سبزیاں، آئل سیڈز اور چینی کی برآمدات میں کمی جبکہ پھل، مصالحہ جات، گوشت اور اس کی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید برآمدی اضافے کی مد میں آٹو پارٹس، لیدر مصنوعات اور سرجیکل آلات شامل ہیں، تاہم پلاسٹک میٹریل، ادویات اور ٹرانسپورٹ کے آلات کی برآمدات میں کمی دیکھی گئی۔

پیٹرولیم اور کوئلے کی برآمدات میں 23.37 فیصد کمی آئی، جس کے بعد ان کا حجم 4 کروڑ 88 لاکھ ڈالر رہا۔ مجموعی طور پر مخصوص صنعتوں کی برآمدات میں سال بہ سال 17.35 فیصد کمی دیکھی گئی۔

یہ رپورٹ مختلف شعبہ جات میں برآمدات کی صورتحال کو اجاگر کرتی ہے، جو پالیسی سازوں کے لیے اہم رہنمائی فراہم کر سکتی ہے۔
 
 

مزیدخبریں