ممبئی : بالی ووڈ کے معروف اداکار ارجن رامپال نے اپنی طویل عرصے سے ساتھ رہنے والی ساتھی گیبریلا ڈیمیٹریڈس کے ساتھ شادی کی قانونی کارروائی مکمل کرلی، جس کے بعد دونوں باضابطہ طور پر میاں بیوی بن گئے۔ اچانک سامنے آنے والی اس خبر نے ان کے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
ارجن رامپال اور گیبریلا ڈیمیٹریڈس 2018 سے ایک ساتھ ہیں۔ کئی برسوں سے قائم اس تعلق کے دوران دونوں نے اپنے خاندان کو بھی وسعت دی اور اب وہ دو بیٹوں کے والدین ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڑے نے گوا میں اپنی شادی رجسٹر کروائی، جس کے بعد ان کے رشتے کو باقاعدہ قانونی حیثیت مل گئی۔ شادی کے لیے درکار تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد دونوں ازدواجی بندھن میں بندھ گئے۔
جوڑے کے بڑے بیٹے ارک کی پیدائش 2019 میں ہوئی، جبکہ ان کے دوسرے بیٹے آراو 2023 میں پیدا ہوئے۔ ارجن اور گیبریلا اکثر اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارتے دکھائی دیتے ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی اپنی خاندانی زندگی کی جھلکیاں شیئر کرتے رہتے ہیں۔
گیبریلا ڈیمیٹریڈس کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے۔ وہ ماڈلنگ کے علاوہ فیشن ڈیزائننگ کے شعبے سے بھی وابستہ ہیں۔ ارجن رامپال اس سے قبل گیبریلا کے ساتھ اپنی منگنی کی تصدیق بھی کرچکے تھے، تاہم شادی کی قانونی تکمیل کی خبر اچانک سامنے آنے پر مداحوں نے حیرت کا اظہار کیا۔