روما ریاض مس یونیورس پاکستان کی نیشنل ڈائریکٹر مقرر

10:43 AM, 22 Aug, 2026

کراچی: مس یونیورس پاکستان 2025 کا اعزاز حاصل کرنے والی روما ریاض کو اب مس یونیورس پاکستان کی نیشنل ڈائریکٹر کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ انہوں نے نئی ذمہ داری ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔

روما ریاض نے سوشل میڈیا پر اپنی تقرری کا اعلان کیا اور کہا کہ مس یونیورس پاکستان کے ساتھ ایک نئے کردار میں کام کرنے کا موقع ملنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین کو عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کے لیے تیار کرنا اور ان کے سفر میں رہنمائی فراہم کرنا ایک اہم ذمہ داری ہے۔

ان کی تقرری کا اعلان فلپائن میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران کیا گیا، جہاں ان کی جانشین مصباح ارشد کو تاج پہنایا گیا۔ مصباح ارشد رواں سال پورٹو ریکو میں منعقد ہونے والے 75ویں مس یونیورس مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

روما ریاض نے اپنی پوسٹ میں مس یونیورس پاکستان کے فرنچائز مالک اور سابق نیشنل ڈائریکٹر جوش یوگن کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اعتماد اور تعاون نے انہیں تنظیم میں یہ نیا کردار سنبھالنے کا موقع دیا۔

انہوں نے اپنے مینٹور ایجام بورومیو کی رہنمائی کو بھی سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

مس یونیورس پاکستان 2025 کا ٹائٹل جیتنے کے بعد روما ریاض اب نئے کردار میں پاکستانی امیدواروں کی تیاری اور رہنمائی میں اہم کردار ادا کریں گی۔ ان کی ذمہ داری میں ملکی نمائندوں کو عالمی مقابلے کے لیے تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی بھی شامل ہوگی۔

مزیدخبریں