نیویارک : فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد ہونے والی جھڑپوں پر ارجنٹائن کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف سزاؤں کا اعلان کردیا۔ سب سے بڑی سزا مڈفیلڈر لیانڈرو پیریڈیز کو دی گئی، جنہیں 10 میچز کے لیے معطل کرنے کے ساتھ 90 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
فیفا ڈسپلنری کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ناہوئل مولینا پر بھی سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہیں 7 میچز کے لیے معطل کیا گیا جبکہ 90 ہزار ڈالر جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔
فیفا کے مطابق 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں سپین اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلے گئے فائنل کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھڑپیں ہوئی تھیں۔ واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ڈسپلنری کمیٹی نے سزاؤں کا اعلان کیا۔
تھیاگو الماڈا اور پابلو مارٹن پائز گاویرا کو ایک، ایک میچ کی پابندی کے ساتھ 30 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ٹیم آفیشل روبرٹو آیالا کو 3 میچز کے لیے معطل کرکے ان پر بھی 30 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا۔
صرف کھلاڑیوں اور آفیشلز ہی نہیں بلکہ ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کو بھی مختلف خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار امریکی ڈالر جرمانے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
فیفا نے اے ایف اے کو غیر کھیلوں کے رویے، ٹیم سے متعلق بدسلوکی، شائقین کی جانب سے امتیازی نعروں اور سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
فیفا کے فیصلے کے تحت ارجنٹائن کو اپنے اگلے دو ہوم میچز 50 فیصد تماشائیوں کی گنجائش کے ساتھ کھیلنے ہوں گے، تاہم ان میں سے ایک میچ کی پابندی فی الحال معطل رکھی گئی ہے۔
اس کے علاوہ فیفا نے حکم دیا ہے کہ جرمانے کی ایک لاکھ ڈالر کی رقم امتیازی سلوک کے خلاف اقدامات پر خرچ کی جائے، جبکہ مزید ایک لاکھ ڈالر کی سزا معطل کردی گئی ہے۔
فیفا کے مطابق یہ کارروائی ڈسپلنری اینڈ ایتھکس پراسیکیوٹر کی رپورٹ کی بنیاد پر کی گئی۔ متعلقہ فریقین کو فیصلے کی تفصیلی وجوہات حاصل کرنے اور اپیل دائر کرنے کے لیے 10 دن کی مہلت دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 19 جولائی کو ہونے والے ورلڈ کپ فائنل میں اسپین نے ارجنٹائن کو 1-0 سے شکست دے کر عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔