پاکستان کو نوکریاں ڈھونڈنے والی نہیں، نوکریاں پیدا کرنے والی نسل کی ضرورت ہے،پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان

11:12 AM, 22 Aug, 2026

لاہور: ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایسی نسل کی ضرورت نہیں جو صرف نوکریاں تلاش کرے بلکہ ایسی نوجوان نسل درکار ہے جو نوکریاں پیدا کرے۔ نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور ہمیں مل کر پاکستان کو ایک ’سپیریئر پاکستان‘ بنانا ہے۔

’سی پاکستان 2026‘ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے کہا کہ شرکا کو ایونٹ میں خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیریئر یونیورسٹی نوجوانوں کی صلاحیتوں پر یقین رکھتی ہے اور اسی سوچ کے تحت ’ایسا ہے پاکستان‘ کا تصور آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’سی پاکستان‘ میں 250 یونیورسٹیوں کے اسٹارٹ اپس نے شرکت کی، جبکہ مجموعی طور پر 4400 اسٹارٹ اپس سپیریئر یونیورسٹی تک پہنچے۔ ان میں 1500 منصوبے خواتین کے تھے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی نے کہا کہ ایونٹ میں 300 بین الاقوامی اسٹارٹ اپس نے بھی شرکت کی، جو 40 ممالک سے آئے ہیں۔ پاکستان کے نوجوانوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے ایسے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے کہا کہ بہتر گورننس کے لیے نئے انتظامی یونٹس ضروری ہیں۔ ’میرا صوبہ، میرا نظام‘ کے عنوان سے عوام میں آگاہی مہم بھی جاری ہے تاکہ انتظامی اصلاحات کی ضرورت اور اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔

انہوں نے میاں عامر محمود کی ملکی بہتری کے لیے جاری جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے اجتماعی کوششیں اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے۔

مزیدخبریں