ٹرمپ کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ، ایران سے بہتر معاہدے کا مطالبہ کردیا

09:05 AM, 22 Aug, 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز کے زمینی علاقوں پر بھی قابض ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جاری اقتصادی جنگ کے باوجود فوجی آپشنز محدود نہیں ہوئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم تہران بہتر معاہدے کے لیے تیار نہیں۔ امریکی صدر نے ایران کے ساتھ مذاکرات اور کسی ممکنہ معاہدے کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنے تمام آپشنز کھلے رکھے گا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران پر اقتصادی دباؤ کے ساتھ فوجی آپشن بھی موجود ہیں اور حالات کے مطابق ان پر غور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے خطے میں امریکی موجودگی اور کنٹرول کا دعویٰ بھی کیا۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے مڈٹرم انتخابات میں ممکنہ شکست کی صورت میں اپنے مواخذے کا خدشہ بھی ظاہر کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریپبلکن پارٹی مڈٹرم الیکشن ہار گئی تو ان کے سیاسی مخالفین مواخذے کی کارروائی شروع کرسکتے ہیں۔

ٹرمپ کے بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران کے ساتھ امریکی کشیدگی، آبنائے ہرمز کی صورتحال اور عالمی سطح پر خطے کی سکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں