پاکستان اور ملائیشیا کا انسداد دہشتگردی و دیگر جرائم کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

10:40 AM, 22 Aug, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات، غیر قانونی امیگریشن اور سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے سمیت دہشتگردوں اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے انٹیلی جنس شیئرنگ مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔

دونوں ممالک نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانے اور متعلقہ اداروں کے درمیان روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔ دونوں وزارتوں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

ملاقات میں کوسٹ گارڈز کے شعبے میں تجربات کے تبادلے اور تربیتی پروگرامز میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ پاکستان کی نیشنل پولیس اکیڈمی اور رائل ملائیشین پولیس کالج کے درمیان تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے کوسٹ گارڈ کے شعبے میں تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے ملائیشیا کو تیز رفتار ترقی کرنے والا مسلم ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں ملائیشیا کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

ملاقات میں سیاحت کے فروغ اور ویزا سہولیات میں آسانی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ملائیشیا پاکستانی شہریوں کے لیے سیاحت کا بہترین آپشن ہے جبکہ ورک کوٹہ بڑھنے سے مزید پاکستانی قانونی طریقے سے ملائیشیا جا سکیں گے۔

مزیدخبریں