اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 18 اگست 2026 کے سپریم کورٹ کے حکم پر مبینہ طور پر مکمل عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
درخواست سلمان اکرم راجا اور عزیر بھنڈاری کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں جواب دہندگان کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کرنے اور انہیں ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کے ذمہ دار افراد کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
درخواست میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کرنے اور وہاں ان کا طبی معائنہ کرانے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ عدالتی حکم پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عدالتی افسر تعینات کرنے یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو بانی پی ٹی آئی کے فوری طبی معائنے اور علاج کے لیے مناسب انتظامات کا حکم دیا تھا۔ بعد ازاں عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے کا مؤقف اختیار کیا گیا ہے۔