پاکستان اور ملائیشیا کا سکیورٹی، تجارت اور عوامی روابط بڑھانے پر اتفاق

12:44 PM, 22 Aug, 2026

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے ایوان صدر میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سکیورٹی، تجارت اور ادارہ جاتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام، انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن کے خلاف دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری نے سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے ملائیشیا میں پاکستانی مصنوعات کے لیے مزید وسیع مارکیٹ رسائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی چاول، آلو، گندم، پولٹری اور جانوروں کی خوراک سمیت مختلف مصنوعات کی ملائیشین مارکیٹ میں طلب موجود ہے۔

ملائیشین وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اس وقت ہفتہ وار 14 پروازیں چل رہی ہیں جبکہ فضائی رابطوں میں مزید اضافے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کو 2026 میں 69 سال مکمل ہو رہے ہیں۔

بعد ازاں ملائیشین وزیر داخلہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کی، جس میں انسداد دہشت گردی، منشیات، سائبر کرائمز اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ کوسٹ گارڈز کے شعبے میں تجربات کے تبادلے اور تربیتی پروگرامز میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقاتوں میں سیاحت کے فروغ اور ویزا سہولیات میں آسانی کے امور بھی زیر غور آئے۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں