چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ سعودی عرب ،سعودی وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی ملاقات

09:37 AM, 22 Dec, 2025

راولپنڈی : پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیرِ دفاع، شہزادہ خالد بن سلمان سے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، دہشت گردی کے خلاف تعاون، اور دفاعی تعلقات پر تفصیلی بات چیت کی۔

پاکستانی فوج کے ترجمان، آئی ایس پی آر کے مطابق، اس ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی و عسکری تعلقات، سٹریٹجک اشتراک اور بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی چیلنجز پر غور کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی قیادت کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس ملاقات کے دوران سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی عسکری خدمات، قیادت اور دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے کردار کو سراہا۔ اسی دوران سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مملکت سعودی عرب کا اعلیٰ ترین اعزاز، کنگ عبدالعزیز میڈل بھی دیا۔

یہ اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی تعاون، انسداد دہشت گردی اور علاقائی امن کے لیے کی جانے والی کاوشوں کا اعتراف ہے۔ سعودی قیادت نے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سٹریٹجک وژن کو سراہا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس اعزاز پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے سعودی مملکت کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں