راولپنڈی : پاکستان کے ڈی جی آئی ایس پی آر، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اِیرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں طلبہ و اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، اس نشست میں طلبہ نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی معلومات کے پس منظر اور اصل حقائق کو سمجھنے کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ گمراہ کن بیانیے سے بچا جا سکے اور حقیقت کی بنیاد پر فیصلے کیے جا سکیں۔
طلبہ کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے نشست کے دوران تمام سوالات کے اطمینان بخش جوابات دیے جس سے کئی غلط فہمیاں دور ہوئیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے آگاہی سیشنز نوجوانوں کو قومی بیانیے کو سمجھنے اور اپنے ذمہ داریوں کا ادراک کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
اساتذہ نے بھی طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لانے کی اہمیت پر بات کی اور کہا کہ انہیں اپنی توانائیاں سیکھنے اور آگے بڑھنے میں لگانی چاہئیں۔
نشست کے اختتام پر، طلبہ نے افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ "پاک فوج ہم سے ہے اور ہم پاک فوج سے ہیں۔" یہ نشست نہ صرف طلبہ کو آگاہی دینے کا ایک ذریعہ بنی بلکہ قومی یکجہتی اور فوج کے ساتھ تعلق کو بھی مزید مستحکم کرنے کا موقع فراہم کیا۔